حافظ آباد: بڑے قبرستان سے ملحقہ روڈ جوہڑ میں تبدیل، جنازے لیکر گزرنا محال

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں بڑے قبرستان ریلوے لائن والاسے ملحقہ روڈ میونسپل کمیٹی کے افسر وں وعملہ کی لاپروا ئی اور غفلت کے باعث گندے جوہڑ میں تبدیل ہوگیا۔۔۔
جس کی وجہ سے مذکورہ روڈ سے نہ صرف جنازے لیکر گزرنا محال ہورہاہے بلکہ قبرستان میں فاتحہ پڑھنے کیلئے جانیوالے لوگوں کی بھی شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ ٹھٹھہ کھوکھراں کے قریب فلائی اوور کی تعمیر کے باعث ٹریفک کا تمام تر دباؤ قبرستان روڈ پر آچکا ہے لیکن یہاں پر اب نکاسی آب کے نالوں کی بندش سے پورا روڈ کئی کئی فٹ گنداپانی کھڑا ہونے سے گندے جوہڑ میں تبدیل ہوچکا ہے ۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی کی غفلت اور لاپروا ئی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق اور میونسپل کمیٹی کے افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان ریلوے لائن سے ملحقہ روڈ پر فوری صفائی کرواکے وہاں پر کھڑے گندے پانی کو نکلوایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام پر مکمل عملد رآ مدکیا جائے تاکہ علاقہ مکین شہری سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔