ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ روکنے کیلئے منصوبہ تیار
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر کے ویژن آپ عید منائیں، حفاظت ہم کریں گے کے تحت عید الاضحیٰ کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ضلع بھر میں جامع سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ۔۔۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے تمام اہم مقامات، بازاروں، خریداری مراکز، مرکزی شاہراہوں اور رش والے علاقوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ خواتین کی سہولت اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹس میں لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں تاکہ وہ پُرسکون ماحول میں خریداری کر سکیں۔ٹریفک کے موثر نظام کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور متبادل راستوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ پولیس کی جانب سے ون ویلنگ، آتشبازی، ہوائی فائرنگ، خواتین سے بدتمیزی، سڑکوں کی بلاکنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ،خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او حافظ آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کو دیکھیں تو فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں، عوام کے تعاون سے ہی ہم ایک محفوظ اور پرامن عید یقینی بنا سکتے ہیں۔