بانی پی ٹی آئی کے نظریہ کیلئے ہرقربانی دینے کوتیار:ریحانہ ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف رہنما و ٹکٹ ہولڈرریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ۔۔۔
ہم بانی پی ٹی آئی کے نظریہ کے فروغ کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کی جدوجہد آگے بڑھائی جائیگی ،قید و بند کی صعوبتیں پارٹی قیادت کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ۔پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت اور عوامی امنگوں کی ترجمان ہے جس نے پاکستان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کی خاطر شدید ریاستی جبر و استبداد برداشت کیا، قربانیوں کا یہ سفر جاری ہے ،ملکی مفادات و عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو کسی صورت روکا نہیں جائیگا۔انہوں نے جناح ہاؤس میں عہدیداران اور کارکنان سے عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ کر کے حکمرانوں نے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حکومتی دعوے بے بنیاد ہیں، غریب عوام حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں ۔