راہوالی :شوگر ملز چوک میں رکشوں کا خود ساختہ اڈا قائم

راہوالی (نامہ نگار)شوگر ملز چوک راہوالی جی ٹی روڈ پر آٹو رکشہ اور چاند گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے خودساختہ سٹاپ قائم کرکے ٹریفک میں رکاوٹیں اور۔۔۔
مسافروں کے لیے مشکلات پیدا کرنا شروع کررکھی ہیں جس سے ٹریفک حادثات ہونے کے خطرات بڑھ گئے ۔حساس ادارے کی چیک پوسٹ کے دونوں اطراف رکشہ ڈرائیوروں نے اڈے قائم کرکے سارا دن راستے بند رکھنا معمول بنا لیا ۔ نیشنل موٹروے پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کاعملہ خودساختہ سٹاپ ختم کرانے میں ناکام ہوگئے ۔ شوگر ملز چوک جی ٹی روڈ پر راہوالی کا بارونق چو ک شمار ہوتا ہے جہاں راہوالی اور گردنووح کے دیہات و قصبات اور کینٹ علاقہ کے عوام دیگر شہروں میں آنے جانے کے لیے چھوٹی بڑی گاڑیوں کا انتظار کرتے ہیں جس سے مسافروں کا اکثر رش رہتا ہے لیکن آٹو رکشہ اور چاند گاڑیوں کے ڈرائیور مقرر کردہ جگہوں پر گاڑیاں کھڑی کرکے سواریاں بٹھانے اور اتارنے کے بجائے چیک پوسٹ کے قریب شوگر ملز چوک میں خودساختہ اڈے بنا کر راہگیروں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے علاقہ سنگین ٹریفک حادثات کا سبب بنتے رہتے ہیں ۔ شہریوں نے نیشنل موٹروے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔