بلدیاتی الیکشن کیلئے ق لیگ نے تیاری مکمل کر لی :شافع حسین

گجرات(نامہ نگار، سٹی رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری، صوبائی وزیرصنعت وتجارت چودھری شافع حسین نے گجرات میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ۔۔۔
پنجاب میں جب بھی بلدیاتی الیکشن ہونگے ، مسلم لیگ ق نے اپنی تیاری مکمل کرلی ،بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ، انہوں نے کہاکہ آئندہ ایک یا دو سال میں بلدیاتی انتخابات ہوسکتے ہیں جس میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے حصہ لے سکیں گی، انہوں نے کہاکہ گجرات میں بین الاقوامی معیارکے مطابق جدید سیوریج سسٹم تعمیرہوگا جس پر15ارب روپے لاگت آئیگی اورپنجاب حکومت فنڈز فراہم کرے گی منصوبے کی تکمیل کیلئے ورلڈ بینک کی تجاویز پربھی عملدرآمد کرایاجائے گا، انہوں نے کہاکہ باب گجرات اورکٹھالہ انڈرپاس کامنصوبہ 20جون تک مکمل کرلیاجائے گا جس سے شہرکی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا،انہوں نے کہاکہ حلقہ پی پی31کی تمام یونین کونسلز کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کرتے ہوئے معیاری اوردیرپاتعمیراتی کام کروارہے ہیں ہمارے تمام منصوبے کمیشن وکرپشن سے پاک ہیں انہوں نے کہاکہ اگرہم میں سے ہرکوئی دن رات محنت اورایمانداری سے کام کرے تو آئی ایم ایف سے ایک سال میں نجات مل سکتی ہے ، ایک سوال کے جواب میں شافع حسین نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے سفارتی وفد نے پاکستان کا کیس بھرپور طریقے سے لڑا اور دنیا پر واضح ہوگیا کہ بھارت نے غلط خبریں چلائیں اور جھوٹا پراپیگنڈا کیا۔