کٹھالہ ایریا :سڑک مقررہ وقت میں مکمل کرنیکی ہدایت

گجرات (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کٹھالہ ایریا میں زیر تعمیر سڑک کا دورہ کیا، جو بابِ گجرات سے انڈر پاس تک تعمیر کی جا رہی ہے ۔
اس اہم منصوبے کی کل لمبائی 1 کلومیٹر ہے اور اس پر 92 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ یہ ڈوئل کیرج وے روڈ گجرات شہر کے داخلی راستے کو جدید انداز میں بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بھی موجود تھے جنہوں نے ترقیاتی کام کی رفتار اور معیار پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابِ گجرات تا پرنس مارکی سڑک کی توسیع اور بہتری شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی راستے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو معیاری اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہری ترقی کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی بہتری بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔