بجٹ اشرافیہ نواز ،عام آ دمی کیلئے کچھ نہیں :جماعت اسلامی

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد کے امیر ناصر محمود کلیر نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں بجٹ عوام کو سہولیات دینے کے لئے بنایا جاتا ہے مگر پاکستان میں بجٹ عوام کی زندگیوں میں مزید مشکلات لیکر آتا ہے۔
بجٹ میں اشرافیہ کو نوازا گیا اور عام آدمی کو ریلیف یکسر نظر انداز کیا گیا،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن کاشکار ہے تحقیقات ہونی چاہیے ، حکومت اور اپوزیشن کی لڑائیاں صرف دکھاوا ہیں، قرضہ سکیموں پر دھوکہ دیا جارہا ہے ۔وہ ہنگامی پریس کانفرنس میں گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر جاوید مغل،صابر حسین بٹ،رانا محمد ارشد بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوامی ریلیف کو نظر انداز کرکے ٹیکسوں کا بوجھ تنخواہ دار اور متوسط طبقے پر ڈال دیا گیا ہے ،بجٹ کے بعد حکومت کی جانب سے غربت کی شرح میں کمی کا دعوی محض ایک خوش فہمی ہے جبکہ زمینی حقائق بر عکس ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے 11کروڑ شہری غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔