وزیر آباد سیالکوٹ روڑ کی تعمیر کیلئے کھدائی، کنکریٹ سے سیوریج بند، گلیوں میں پانی جمع

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیرآباد سیالکوٹ روڈ کی تعمیر کیلئے کھدائی سے سیوریج سسٹم کے متعدد مین ہول بند ہو گئے۔۔۔
گلیاں محلے بدبو دار پانی سے بھر گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد موڑ،آرائیں کالونی،چیمہ کالونی اور ونجووالی سے ملحقہ علاقہ جات کے شہری سیوریج کے مین ہول متعدد مقامات سے بند ہو گئے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیالکوٹ وزیرآباد روڈ کی تعمیر اور ٹف ٹائل کی تنصیب کے سلسلہ میں سڑک کے دونوں اطراف کھدائی کر کے کنکریٹ ڈالی جا رہی ہے ،مقامی کنٹریکٹر کے عملہ کی نا اہلی کی وجہ سے سڑک کے اطراف میں واقع سیوریج لائنوں کے متعدد مقامات سے مین ہول کے ڈھکن اوپن ہونے سے کنکریٹ بڑی مقدار مین ہول میں جانے سے بند ہو گئے جس کی وجہ سے اسلام آباد موڑ،آرائیں کالونی،چیمہ کالونی کے متعدد محلوں اور گلیوں میں پانی جمع ہیں جس سے شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوسری جانب سخت گرمی میں بلدیہ ملازم سیوریج کے مین ہول میں اتر کر انتہائی مشکل اور جان جوکھوں سے کنکریٹ نکال رہے ہیں۔ شہریوں نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔