12 سال بعد سیالکوٹ ایکسپریس بحال ،11سٹیشن پر قیام

سیالکوٹ، وزیر آ باد (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ سے لاہور جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس کو بحال کر دیا ۔۔
،ٹرین لاہور سے صبح 5 بجے روانہ ہوئی اور مقررہ وقت پر 9 بج کر 45 منٹ پرسیالکوٹ ریلوے سٹیشن پر پہنچی سیالکوٹ ایکسپریس 15 منٹ قیام کے بعد وزیرآباد کیلئے روانہ ہوئی۔ سٹیشن ماسٹر سعید اکبر کے مطابق ٹرین 7 ڈبوں پر مشتمل ہے جن میں 700 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ،ٹرین سیالکوٹ اور لاہور کے درمیان 148 کلومیٹر کا فاصلہ تقریباً ساڑھے چار گھنٹے میں طے کرے گی۔ راستے میں شاہدرہ، نارنگ منڈی، بدو ملہی، نارووال اور پسرور جیسے اہم سٹیشنز پر قیام کرے گی ۔سیالکوٹ روانگی سے قبل وزیر مملکت منصوبہ بندی ارمغان سبحانی نے ٹرین کا افتتاح کیا اور اسے وزیر آباد کیلئے روانہ کیا۔ وزیرآباد ریلوے سٹیشن پہنچنے پر ٹرین کا شاندار استقبال کیا گیا ،عملہ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ، گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سٹیشن ماسٹر وزیرآباد اطہر منیر بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ سیالکوٹ ایکسپریس مقررہ روٹ پر 11 مختلف سٹیشنز پر قیام کرے گی۔ وزیرآباد سے لاہور کے 191 کلومیٹر طویل روٹ کا کرایہ 550 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ وزیرآباد سے سیالکوٹ کا کرایہ 160 روپے رکھا گیا ہے ۔