وزیر آ باد سیالکوٹ روڈ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)57 کروڑ روپے کی لاگت سے سیالکوٹ روڈ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔۔۔
سڑک کے دونوں اطراف ٹف ٹائل سے خوبصورتی دو چند ہو گئی،بیوٹیفکیشن کیلئے دونوں طرف حصار میں پودے جبکہ سڑک کی ڈیوائڈر لائن میں پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممبر پنجاب اسمبلی وقار احمد چیمہ نے سیالکوٹ روڈ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ، افتخار احمد بٹ،میاں شہباز احمد چنڈور،نبیل اعجاز ایڈووکیٹ،سید ضمیر کاظمی،عمر گوندل ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ روڈ کے لیے 13 کروڑ روپے مختص تھے جس سے صرف پیچ ورک ممکن تھا،میری درخواست پر عوامی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 44 کروڑ روپے مزید جاری کیے جس سے سیالکوٹ روڈ کی تعمیر سمیت اطراف میں ٹف ٹائل لگائی جا رہی ہے اور اس سے نہ صرف سڑک کشادہ ہو گئی بلکہ صفائی ستھرائی بھی واضح نظر آ رہی ہے جبکہ سڑک کے اطراف میں ہر 10 سے 20 میٹر کے فاصلہ پر حصار بنا کر خوبصورت پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں اور سڑک کی ڈیوائڈر لائن میں بھی جاذب نظر و پھولدار پودے لگائے گئے ہیں جو سیالکوٹ روڈ کے داخلی و خارجی راستے سمیت دوران سفر ایک بہترین منظر پیش کریں گے انہوں نے کہا کہ سڑک مکمل ہونے کے بعد عنقریب سیالکوٹ روڈ کا افتتاح کریں گے ۔