محکموں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اخراجات کا ریکارڈ طلب

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے قبل پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری محکمہ جات کی ششماہی کارکردگی ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور۔۔۔
اخراجات کا ریکارڈ طلب کرلیا، ماضی میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت ،تخمینہ اور مدت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ ہیلتھ ،تعلیم ،بلڈنگ ،ہائی ویز ،ماحولیات ،بیت المال ،محکمہ مال ،واسا ،جی ڈی اے ،بلدیاتی اداروں سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ناقص کارکردگی اور بد عنوانی میں ملوث افسر وں اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ رواں سال کایکم جنوری تا30 جون کے دوران ترقیاتی منصوبوں ،اخراجات ،سہولیات کی فراہمی اور ششماہی کارکردگی کا ڈیٹا ارسال کرے ، پنجاب حکومت کے تمام صوبائی محکمے اپنی اپنی کارکردگی اور زیر التوا منصوبوں کی تفصیل پہنچائے جس کے بعداعلیٰ سطح پر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔