سرکاری نرخ نظر انداز، گراں فروش مافیا متحرک

سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر میں گراں فروش مافیا ایک بار پھر سرگرم ہو گیا، سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ۔۔۔
جس پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث منصوعی مہنگائی بے لگام ہو چکی ہے ۔ مختلف مارکیٹوں میں روز مرہ استعمال کی اشیا ہوشربا نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سبزی فروش نرخناموں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے لہسن 350روپے ، ادرک 700روپے ، سبز مرچ 180روپے اور چائنیز لیموں 600روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ پھول گوبھی 180، بھنڈی 100اور شملہ مرچ 250روپے فی کلو دستیاب ہیں۔ اسی طرح پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کیلا درجہ اول 230جبکہ درجہ دوم 180روپے فی درجن، آڑو 320، سندھڑی آم 350، گرما 150اور خربوزہ 120روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔دوسری طرف برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 66روپے فی کلو کی نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی کلو گوشت 366روپے میں دستیاب ہے ۔ زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 239اور پرچون نرخ 253روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ صافی برائلر گوشت 460روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے ۔ انڈوں کی قیمت میں کوئی کمی نہیں آ سکی، انڈے فی درجن نرخ 317روپے جبکہ پیٹی 9ہزار 390روپے میں فروخت ہو رہی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو فعال بنایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔