سوشل سکیورٹی ہسپتال میں3سال بعد آنکھوں کی سرجری

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سوشل سکیورٹی ہسپتال گوجرانوالہ میں3سال بعد آنکھوں کی سرجری کا شعبہ فعال کر دیا گیا۔۔۔
نئی تعینات ہونے والی آئی سرجن ڈاکٹر انعم سرور نے گزشتہ روز آنکھوں کی سرجری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ،اس حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایم ایس ڈاکٹر علی افضل نے کی جبکہ تقریب سے سرجن ڈاکٹر علی محمد چیمہ،ڈاکٹر انعم سرور ،مزدور رہنما راجہ غلام مصطفی ،رانا ندیم اور عالیہ جبیں نے خطاب کیا۔ ایم ایس نے کہا کہ ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مسائل تھے لیکن اب سرجری کا آغاز کر دیا گیا اور اس سے محنت کشوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر سوشل سکیو رٹی پنجاب محمد علی کو دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے ہمیں اس وقت جدید آلات کی ضرورت ہے ڈاکٹرز کی بھی کمی ہے تاہم کوشش ہے کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس حوالے سے تمام ڈاکٹرز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ مزدور رہنماؤں نے کہا کہ اس وقت 3شعبے سپشلسٹ ڈاکٹرز نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے ہیں، ان میں شعبہ ای این ٹی،نفسیات اور امراض سینہ شامل ہیں ۔