صیہونی قو تیں دنیا بھر میں مسلمانوں پر ظلم کر رہیں :احمدچٹھہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )سانحہ نوئیں والا چٹھہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ایم این اے محمد احمد چٹھہ نے ملاقات کی
اور اظہار تعزیت کیا ۔صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب محمد احمد چٹھہ نے نوئیں والا چٹھہ میں منی پٹر ول پمپ پر خوفناک آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ واقعہ پورے علاقے کیلئے صدمے کا باعث ہے ۔محمد احمد چٹھہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی کاروبار کی روک تھام کیلئے سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے ،حکومت پنجاب متاثرین کی مالی معاونت کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اضطراب کا شکار ہے اور ضروری ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے ۔اس موقع پر انہوں نے عالمی سطح پر مسلمانوں کی حالتِ زار کی بھی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ یہودی و صیہونی قوتیں دنیا بھر میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت روا رکھے ہوئے ہیں جو مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قوم و ملت کو اتحاد و یگانگت اور اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایبسلوٹلی ناٹ جیسے جرات مندانہ بیانات دے کر مسلمانوں کے وقار کا علم بلند کیا،عمران خان ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کے دفاع اور مسلم ممالک میں اتحاد کی بات کرتے رہے ہیں۔