وزیر آباد : امدادی رقم کے سنٹر پر بد انتظامی ، خواتین خوار
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقوم کے حصول کیلئے خواتین خوار ہونے لگی، سخت گرمی میں پورا دن قطاروں میں کھڑا رکھنا معمول بن گیا ، انتظامیہ خاموش تماشائی، متاثرہ خواتین سراپا احتجاج بن گئیں ۔
وزیرآباد میں مستحق خواتین کیلئے بنا یا گیا امدادی مرکز بدنظمی، بدانتظامی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی بدترین مثال بن چکا ہے ، کھلے آسمان تلے ، شدید گرمی اور حبس میں خواتین کو نہ صرف شدید جسمانی مشقت کا سامنا ہے بلکہ عزتِ نفس بھی مجروح ہو رہی ہے ،کبھی انٹرنیٹ کی بندش ہو جاتی ہے کبھی سسٹم سلو کا کہا جاتا ہے ۔ شہر کے مرکزی علاقے میں واقع مقامی میرج ہال کو ادائیگی سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں سینکڑوں خواتین رقوم کی وصولی کیلئے جمع ہوئیں اور خواری پر احتجاج کیا تو اگلے روز سنٹر کو سیالکوٹ روڈ پر نجی ہاوسنگ سوسائٹی منتقل کر دیا گیا، خواتین کو اضافی کرایہ دے کر نئے سنٹر جانا پڑا تو وہاں بھی تضحیک اور خواری ہی مقدر ٹھہری۔ متاثرہ خواتین نے بتایا کہ سارا دن وہ رقم کے حصول کیلئے کھڑی رہتی ہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان خواتین کا حق ہے مگر جس طریقے سے تقسیم کی جا رہی ہے ، وہ سراسر غیر انسانی، غیر اخلاقی اور افسوسناک ہے ، انتظامیہ کو چاہیے کہ فوری طور پر پانی ، بیٹھنے کا بندوبست کرے اور طبی عملہ تعینات کرے ۔