ڈویژن بھر میں90 فلڈریلیف کیمپ قائم کرنے کی تیاریاں

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سیلاب سے بچاؤ کیلئے گوجرانوالہ ڈویژن میں 55سیکٹرزاور90فلڈ ریلیف کیمپ قائم کرنے کی تیاریاں، پنجاب حکومت کی ہدایت پر ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی تمام اضلاع میں فلڈ کنٹرول روم قائم کردئیے گئے ہیں۔
جن کے ذریعے دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کی جائیں گی جبکہ محکمہ واسا،میونسپل کارپوریشنز ،ضلع کونسلز،ہائی ویز،ہیلتھ اتھارٹی،لائیو سٹاک اورمیونسپل کمیٹیوں کو الرٹ کردیاگیا۔پنجاب حکومت نے ہدایت کی کہ نالوں اور سیور لائنوں کی ڈی سلٹنگ بھی کی جائے جبکہ محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اور تیاریوں کی آزمائش کیلئے فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا جائے ۔ اربن فلڈنگ سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے واسا اور لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو احکامات جاری کئے گئے کہ وہ اپنی مشینری‘ ڈی واٹرنگ سیٹ اور دیگر سامان فعال رکھیں اور بارش کی صورت میں شہری اور نشیبی علاقوں میں پانی کے فوری نکاس کویقینی بنائیں۔