ظالم ملت اسلامیہ پرحکمرانی مسلط نہیں کر سکتے :احمد فاروق
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)امام عالی مقام سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے جا نثار ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں یزیدی لشکر کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔
حسینی لشکر کے جانبازوں نے دین اسلام کی سربلندی اور بقا کیلئے باری باری اپنی زندگیاں قربان کردیں اور جام شہادت نوش کرلیا اور قیامت تک اس کائنات میں آنے والوں کو پیغام دے دیا کہ دین اسلام سے ہٹ کر دوسرا کوئی نظام قابل قبول نہیں ہوسکتا، یزید جیسے ظالم جابر اور فاسق لوگ ملت اسلامیہ پر کسی صورت اپنی حکمرانی مسلط نہیں کرسکتے ، کربلا کے میدان میں حق و باطل کے معرکہ میں آل نبی اور اولاد علی پر ظلم و جبر کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، نبی پاک ﷺ کے اہلبیت کی محبت سے ہر مسلمان کا ایمان مکمل ہوتاہے ۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز روحانی شخصیت علامہ پیر سید احمد فاروق شاہ مجددی اور پیر علامہ امتیاز احمد سلطانی نے مرکزی ادارہ فیضان ابو البیان کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد فاروق اعظم میں منعقدہ محفل ذکر سیدا امام حسین ؓ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام زندہ ہوتاہے ہر کربلا کے بعد آج فلسطین غزہ میں مسلمانوں کے خلاف اسرائیلی ظلم وبریت اور جارحیت کربلا کا منظر پیش کررہی ہے عالم اسلام کا متحد ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی حکمرانوں کو فوری امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششیں کرنی ہونگی اور اس بات کو ذہنوں میں رکھیں کہ قرآن کریم میں واضح طور پر ہے کہ یہود ونصاری تمہارے دوست نہیں ہوسکتے ۔