حافظ آباد:نکاسی آب کیلئے مشینری فعال رکھنے کی ہدایت
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے میونسپل کمیٹیوں ،ضلع کونسل اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسر وں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر اندرون شہر اور دیہات میں سیوریج نالوں کی صفائی کے۔۔۔
کاموں کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے ،بارشی پانی کے نکاس کیلئے میونسپل کمیٹی کے تمام مشینری کو استعمال میں لایا جائے تاکہ کسی بھی علاقہ میں بارشی پانی جمع ہونے اور نکاسی آب کا کوئی مسئلہ نہ پیدا ہو ۔ڈپٹی کمشنر نے کولو روڈ ،ہاؤسنگ کالونی،مدہریانوالہ روڈ اور کسوکی روڈ جھنگ برانچ نہر کے قریب ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں نکاسی آب سمیت صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کا جائزہ لیا۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اﷲ سندھو بھی ساتھ تھے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر ی علاقوں میں بارشی پانی کے نکاس کے لیے پیشگی انتطامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے سی او ایم سی کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل ورکس سٹیشنوں کی مشینری اور موٹروں کو فنکشنل ہونا چاہیے ۔