علی پورچٹھہ :گیپکو اہلکار آخری تاریخ پر بل پھینک کر غائب
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر ) گیپکو اہلکاروں کی غفلت ، بل آخری تاریخ پر پھینک کر چلے گئے ، صارفین بل جمع کرانے کیلئے دربدر ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق گیپکو علی پور چٹھہ میں مبینہ بدعنوانی، غفلت اور عملے کی لاپروا ئی نے صارفین کی زندگی اجیرن کر دی۔ اہلکاروں نے بجلی کے بل آخری تاریخ پر محلہ صدیق اکبر میں جامع مسجد غوثیہ کے سامنے اور گلی سلیم ڈاکیا والی میں پھینک کر ڈیوٹی پوری کر دی ،شہری شدید گرمی میں دربدر بل ڈھونڈتے اور تاریخ گزرنے کے خوف سے خوار ہوتے رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ہوشربا مہنگی بجلی نے جینا دوبھر کر رکھا ہے ، اب اہلکاروں کی غنڈہ گردی اور لاپروا ئی نے رہی سہی کسر پوری کر دی ۔ آخری تاریخ پر بل پھینک کر غائب ہو جانا زیادتی ہے جس کی وجہ سے مرد و خواتین دھوپ میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔اہل علاقہ نے وزیراعظم ، چیف آفیسر گیپکو اور ایکسین سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں اور نااہل کرپٹ ایس ڈی او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ صارفین کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے اور آئندہ کسی کو اس طرح کھلواڑ کرنے کی جرات نہ ہو۔