ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ،ستمبر میں گوجرانوالہ سے آغاز کا فیصلہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کا آغاز گوجرانوالہ سے کرنے کا فیصلہ ،گوجرانوالہ ڈوثرن میں 16ارب روپے کی خطیررقم سے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے منصوبے کا آغاز ستمبر سے ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب عمران سکندر بلوچ نے گزشتہ روز گوجرانوالہ میں اعلیٰ سطح اجلاس میں بتایا کہ ماحول دوست بسیں چلانے کا باقاعدہ آغاز ستمبر میں ہو گا۔ کمشنر دفتر میں اجلاس کمشنر نوید حیدر شیرازی ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد ،ایم این اے محمود بشیر ورک ،سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر ،ممبران صوبائی اسمبلی قیصر اقبال سندھو، نواز چوہان ،عمران خالد بٹ،معظم رؤف مغل ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق و دیگر بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ الیکٹرک بسوں نہ صرف عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ساڑھے 7 ارب روپے چارجنگ سٹیشنز کی تعمیر جبکہ ساڑھے 8ارب الیکٹرک بسوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں ،گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ کیلئے 80 بسیں ہونگی۔