چیمبر آف ایجوکیشن کے وفد کی وزیر تعلیم سے ملاقات
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے وفد کی صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرائیویٹ سکولز کی بلڈنگز کے کمرشلائزیشن کا معاملہ زیر بحث ، صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ وفد میں شامل چیئرمین پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن علی رضا شیخ ،مرکزی کنونیئر یاسین رامے سمیت پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن بہاولپور ریجن کے ذمہ دار شریک تھے ۔ علی رضا شیخ نے کہا کہ ہم پیف سکول مالکان حکومت پنجاب کا مفت تعلیمی پروگرام غریب عوام اور بچوں کیلئے دیہی و شہری علاقوں میں بغیر کسی اضافی منافع کے کرائے کی عمارتوں میں چلا رہے ہیں، سکول مالکان اور بلڈ نگ مالکان کسی بھی صورت کمر شلائزیشن کے متحمل نہیں ہو سکتے بصورت دیگر بلڈ نگ مالکان بلڈ نگ خالی کرالیں گے یا کرائے میں 200فیصد اضافہ کر دیں گے جس کا تمام تر اضافی بوجھ حکومت پنجاب کے مفت تعلیمی پروگرام اور ان غریب والدین اور بچوں کو برداشت کرنا پڑے گا جو مفت یا قلیل فیس کی ادائیگی پر اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت پنجاب مفت تعلیمی پروگرام کا نعرہ لگارہی ہے اور دوسری طرف مختلف ادارے اس فلاحی اور بنیادی مشن کو ناکام بنانے کے درپے ہیں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے معاملہ پر سنجیدگی سے غور کیا اور تجویز کو حکام سے زیر بحث لانے و ممکنہ اقدام عمل میں لانے کا عندیہ دیا۔