با نی کی رہائی کیلئے احتجاج 5 اگست کو عروج پر ہوگا :ریحانہ ڈار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ5 اگست کو عمران خان کی رہائی کیلئے پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
بانی تحریک انصاف کی ناحق قید کو 2 سال مکمل ہو رہے ہیں ،5 اگست کو ہمارا احتجاج عروج پر ہوگا ہماری تحریک عمران خان کی رہائی کیلئے بھرپور چلے گی اور پرامن ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہاؤس میں 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کیلئے پرامن احتجاج کے حوالے سے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹکٹ ہولڈر روبا عمر ڈار، مہر کاشف، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری محمد الطاف کے علاوہ کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ ریحانہ امتیا ز ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو پابند سلاسل کر کے عوام سے دور رکھنے کی کوششیں کرنیوالوں کو سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی عمل میں لانا ہو گی ۔ وطن عزیز پاکستان کو اس وقت اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے ۔پی ٹی آئی کی قیادت اورکارکنوں پردرج جھوٹے مقدمات کاخاتمہ کئے بغیر ملک میں جمہوری کلچر کے فروغ کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ روبا عمر ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار ہمیشہ سے زراعت پر رہا ہے مگر موجودہ فارم 47 کی جعلی حکومت نے کاشتکاروں کی کمر توڑ دی ہے جو مویشی اور گھر کا سامان بیچ کر جینے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کیلئے بھرپور اور پرامن احتجاج ہوگا ۔