قانونی کی بالا دستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں:اسد منظور
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن و صدر اسلامک لائرز موومنٹ اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ نے بار ہال وزیرآباد میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
رول آف لا کے بغیر مہذب معاشرہ ممکن نہیں، پاکستان کو درپیش بڑے مسائل میں سے ایک بنیادی مسئلہ قانون کی حکمرانی کا ہے جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار امتیاز احمد ، جنرل سیکرٹری مستعصم مالک طور،سینئر قانون دان میاں صلاح الدین، زمان چیمہ، اکرم آرائیں،حافظ طیب،عبد الحئی چودھری، میاں عبد الرؤف آف پھالیہ نے بھی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رول آف لا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اسلام عدل و انصاف کا دین ہے اور اس کا واضح حکم ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ کوئی دولت مند، بااثر یا صاحب ثروت شخص قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا، طاقتور کو قانون سے مبرا سمجھنا معاشرتی زوال اور ناانصافی کی جڑ ہے ۔ مقررین نے کہا کہ کسی مہذب معاشرے میں یہ ممکن نہیں کہ کمزور کیلئے قانون سخت اور دولت مند کیلئے نرم ہو ۔مقررین نے زور دیا کہ وکلا ، عدلیہ اور تمام اداروں کو مل کر قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو پرامن، منصفانہ اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکے ۔