علی پور چٹھہ میں 6 ایکڑ رقبے پر مویشی منڈی کا قیام
علی پور چٹھہ(تحصیل رپورٹر ) علی پور چٹھہ میں ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ اور وائس چیئرمین بلدیہ رانا رضوان اختر نے مویشی منڈی کا افتتاح کر دیا ۔
علی پور چٹھہ میں پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی گوجرانوالہ کے زیرِ انتظام نئی مویشی منڈی ہر جمعرات کو باقاعدگی سے لگے گی۔ اس منڈی کا قیام 6 ایکڑ رقبے پر گوجرانوالہ روڈ ورپال چٹھہ قینچی کے مقام پر عمل میں لایا گیا ہے جو علاقے کے کسانوں، مویشی پال حضرات اور بیوپاریوں کے لیے ایک بڑی سہولت اور خوش آئند پیش رفت ہے ۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ، سی ای او پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی بلال ہاشم، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد عبدالقدیر زرکون اور لیگی سٹی صدر و سابق وائس چیئرمین بلدیہ رانا رضوان اختر شامل تھے ۔ سی ای او کیٹل مارکیٹ کمپنی بلال ہاشم نے خطاب میں کہاکہ پنجاب بھر میں اس وقت 113 مویشی منڈیاں کام کر رہی ہیں ، علی پور چٹھہ منڈی بھی ایک کامیاب اور ماڈل منڈی بنے گی۔ عدنان افضل چٹھہ نے کہا یہ مویشی منڈی حلقہ پی پی 36 کی معیشت کو ایک نیا لوکل اکنامک ہب بنائے گی ، اس سے نہ صرف جانوروں کی خرید و فروخت کا عمل باقاعدہ ہوگا بلکہ مقامی کسانوں، مویشی پال افراد اور بیوپاریوں کو سفری و مالی سہولت بھی ملے گی ۔تقریب میں شرکت کرنے والی مقامی شخصیات بشارت علی چیمہ، انجمن تاجران کے صدر ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر نے منڈی کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا ۔