میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں خواتین کیلئے سہولت سنٹر قائم
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں خواتین کیلئے فسیلی ٹیشن سینٹر کا قیام لوکل گورنمنٹ کی۔۔
جانب سے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے جو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کی عملی شکل ہے ۔ سینٹر کے دورے کے موقع پر فوکل پرسن اقصیٰ رشید اور انچارج مس ارسا نے معروف سماجی کارکنوں ساجدہ فریاد اور نگہت خان کا استقبال کیا اور سینٹر کی افادیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز کے ذریعے خواتین بغیر کسی جھجک کے اپنے مسائل براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکتی ہیں جن میں گلیوں و نالیوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی ، بچوں کی پیدائش کے اندراج، کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ کے حصول، بلڈنگ نقشہ جات کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت اور نکاسی آب کے دیگر مسائل شامل ہیں۔ ساجدہ فریاد اور نگہت خان نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ سنٹر کی انچارج بھی خاتون ہیں جو خواتین سے ہمدردی اور افہام و تفہیم کے جذبے کے ساتھ مسائل کو سنتی اور حل کو یقینی بناتی ہیں۔