فٹ پاتھوں پر تجاوزات برقرار ، راہگیروں کو مشکلات

فٹ پاتھوں پر تجاوزات برقرار ، راہگیروں کو مشکلات

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا ،فٹ پاتھوں پر خوانچہ فروشوں نے ٹھیلے لگا رکھے ہیں ،اکثر جگہوں پر گاڑیاں فٹ پاتھ پر کھڑی ہونے کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کیلئے راستے سکڑ گئے ۔

 جی ٹی روڈ سمیت گوجرانوالہ کی تمام اہم سڑکوں کے کنارے فٹ پاتھ پر خوانچہ فروشوں نے عرصہ دراز سے ٹھیلے سجا رکھے ہیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کیلئے راستہ ختم ہو گیا ہے پیدل چلنے والوں کوفٹ پاتھ کے بجائے سڑک کا استعمال کر نا پڑتاہے ۔ جی ٹی روڈ پر گوندلانوالہ چوک، سیالکوٹی دروازے ، ریل بازار، پسرور روڈ،شیرانوالہ باغ کے علاقوں میں فٹ پاتھ پر گاڑیاں بھی کھڑی کردی جاتی ہیں جو دن بھر وہاں کھڑی رہتی ہیں ،گاڑیوں کی وجہ سے پیدل چلنے والے راہگیروں کے ساتھ حادثات بھی بڑھ گئے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھ سڑک کے کنارے پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے جاتے ہیں لیکن یہاں پر فٹ پاتھ پر پتھارے داروں کا قبضہ ہے جس کی وجہ سے بزرگ ،خواتین اور بچے فٹ پاتھ کے بجائے سڑک سے گزرتے ہیں اورحادثات کا شکار ہو جاتے ہیں،پو لیس اور انتظامیہ فٹ پاتھ سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں