سیالکوٹ:موسلادھار بارش ، گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔
شہر کی سٹرکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی، انتظامیہ کا بارشی پانی کی نکاسی آب کا منصوبہ مکمل ناکام، سینکڑوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اور گردونواح میں سہ پہر کے وقت ہونے والی تیز موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ گرین و وڈ سٹریٹ، دارہ آرائیاں، کچہری روڈ، ایبٹ روڈ، ٹرنک بازار، خادم علی روڈ، شہاب پورہ روڈ، فتح گڑھ، کشمیر روڈ، تاج پورہ، مین بازار، حاجی پورہ اور دیگر علاقوں کی سٹرکیں اور گلی محلوں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بارشی پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ کامیاب نہ ہوا۔ شہریوں کی سینکڑوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ کئی علاقوں میں دو ،دو فٹ پانی جمع ہونے سے دکانوں اور گھروں پانی داخل ہوگیا۔ بارش سے چاول کی فصل سیراب ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔