حافظ آباد:یوم آ زادی پر ٹریفک کے محفوظ،موثر انتظامات
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے یومِ آزادی کے موقع پر ٹریفک کے محفوظ اور مؤثر انتظامات کیلئے ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس کے افسر وں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں ٹریفک کی روانی، شہریوں کی سہولت اور سڑکوں پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع حکمتِ عملی طے کی گئی۔ڈی پی او حافظ آباد نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون وِیلنگ، سپیڈ ریسنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، ون وے کی خلاف ورزی، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنا اور موٹرسائیکل کی غیر قانونی تبدیلی یا سائلنسر کھولنے جیسے اقدامات کسی بھی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ اس مقصد کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے والدین کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک ڈرائیونگ اور قانون شکنی سے روکیں، بصورت دیگر اگر کوئی کم عمر یا نوجوان ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔