وزیرآباد میں ٹماٹر کی قیمت 600 روپے کلو تک پہنچ گئی
مال بردار گاڑیاں مختلف علاقوں میں پھنس گئیں ، مارکیٹ میں قلت
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیرآباد میں ٹماٹر کی قیمت نے سیب اور مرغے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، اور ایک کلو ٹماٹر 600 روپے تک پہنچ گیا ہے ، جس سے شہری سٹپٹا اٹھے ہیں اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔مال بردار گاڑیاں مختلف علاقوں میں پھنس گئی ہیں، جس کے نتیجے میں سبزیوں اور فروٹ کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔ وزیرآباد کی لوکل مارکیٹ میں ٹماٹر کے علاوہ کریلا، ٹینڈے ، کدو اور مٹر بھی مہنگے ہو گئے ہیں اور ان کے نرخ 300 روپے کلو سے تجاوز کر گئے ہیں۔دوکان دار اور سبزی فروشوں نے بتایا کہ دھرنے کی وجہ سے سبز منڈیوں تک سامان وقت پر نہیں پہنچ رہا، جس سے مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے اور سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔