گجرات: انسداد اتائیت مہم، غیر مستند کلینکس سیل، مقدمات
اتائیوں کی جانب سے ایلوپیتھک ادویات کے استعمال کی شکایات درست پائی گئیں
گجرات (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی ہدایت پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطا المُنعِم کی نگرانی میں ضلع بھر میں انسدادِ اتائیت مہم جاری ہے ۔تحصیل گجرات میں، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نعیم کی قیادت میں صوفی خلیل کلینک، یاسین ڈینٹل کلینک اور بنتِ حوا میڈیکل سینٹر کا معائنہ کیا گیا۔ دو کلینکس میں غیر مستند اتائیوں کی جانب سے ایلوپیتھک ادویات کے استعمال کی شکایات درست پائی گئیں، فوری طور پر سیل کر کے شواہد جمع کیے گئے اور کیسز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دئیے گئے ۔اسی طرح، ڈاکٹر سید احتزاز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پریوینٹو سروسز) کی سربراہی میں دیگر علاقوں میں بھی چیکنگ کی گئی۔ لیاقت کلینک میں اتائیت کے شواہد ملنے پر کلینک کو سیل کر دیا گیا، جبکہ اسجد ہومیوپیتھک کلینک اور القمر ہومیوپیتھک کلینک کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنی خامیاں فوری دور کریں۔محکمہ صحت گجرات نے واضح کیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اور کسی کو غیر قانونی علاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔