سیالکوٹ کو نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا :احسان بھٹہ

 سیالکوٹ کو نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا :احسان بھٹہ

سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ شاندار پنجاب انیشی ایٹو کے تحت سیالکوٹ کو نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا ہے کیونکہ یہ ہمارے قومی شاعرعلامہ اقبالؒ کا شہر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صنعتی عظمت و عالمی شہرت پرمنفرد پہچان رکھتا ہے ۔

 انہوں نے یہ بات اپنے دورہ ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ پر کہی، جہاں انہوں نے سیالکوٹ میوزیم کے قیام پراجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر ، ڈی جی آرکیالوجی، دیگرافسروں نے شرکت کی۔ احسان بھٹہ نے کہا محکمہ سیاحت صوبے کے ثقافتی، تاریخی اور ورثہ پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مو ثر اقدامات کر رہا ہے ۔ سیالکوٹ میوزیم شہر کے تابناک ماضی اور تخلیقی شناخت کو اجاگر کرے گا۔ میوزیم میں 3 گیلریزبنائی جائینگی جہاں سیالکوٹ کی تاریخی عظمت،

فنی مہارت اور صنعتی کارناموں کو پیش کیا جائیگا۔اجلاس کے بعد ڈاکٹر احسان بھٹہ نے گلشن اقبال پارک میں زیر تعمیر سیالکوٹ میوزیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عمارت کوہفتے کے اندر تزئین و آرائش کے بعد محکمہ کے حوالے کیا جائے تاکہ میوزیم کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر نے بریفنگ میں کہا میوزیم میں آرکیالوجی گیلر قدیم تہذیبوں کے نوادرات، آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری سیالکوٹ کی صنعتی و دستکاری وراثت اور ہیریٹیج آف دی گریٹس گیلری قائم کی جارہی ہیں، زیر تعمیر میوزیم تکمیلی مراحل میں ہے اور جلد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے حوالے کردیا جائیگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں