سیالکوٹ : 1ارب کے 22 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

سیالکوٹ :  1ارب کے 22 ترقیاتی منصوبوں  کی منظوری

الیکٹرو بس سٹاپ شیلٹرز کی تعمیر، گلیوں کی پختگی، سیوریج سسٹم کی بہتری شامل

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں شہر اور تحصیلوں میں عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے 22 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں میں الیکٹرو بس سٹاپ شیلٹرز کی تعمیر، گلیوں کی پختگی، سیوریج سسٹم کی بہتری، پی سی سی، آر سی سی اور ٹف پیور بچھانے کے کام شامل ہیں ،ان ترقیاتی منصوبوں کا مجموعی تخمینہ لاگت ایک ارب روپے ہے جو ڈسٹرکٹ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز حکومتِ پاکستان کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اچیومنٹ پروگرام کے تحت جاری کئے گئے ہیں جو منظور شدہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر خرچ ہوں گے ۔البتہ الیکٹرو بس ٹرمینل، علامہ اقبال لائبریری کی اپ گریڈیشن، سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ جبکہ ڈسکہ میں سیوریج کی سکیم کیلئے فنڈز بالترتیب ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبے شہری سہولیات میں بہتری، ٹرانسپورٹ سہولتوں کی مضبوطی اور سیالکوٹ کی مجموعی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں