عالم چوک میں تشہیری بورڈ شہریوں کی جان و مال کیلئے خطرہ

 عالم چوک میں تشہیری بورڈ شہریوں کی جان و مال کیلئے خطرہ

سڑک کنارے اور درمیان میں نصب ہورڈنگ بورڈ ٹریفک حادثات کا باعث

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )عالم چوک میں نصب بڑے بڑے تشہیری بورڈ شہریوں کی جان و مال کیلئے خطرہ بن گئے ، مصروف ترین چوک میں سڑک کنارے اور درمیان میں نصب ہورڈنگ بورڈ آئے روز ٹریفک حادثات کا باعث بن رہے ہیں ۔ اس حوالے سے تاجروں حاجی لیاقت، حافظ طالب، وقاص گل اورعبدالمنان نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالم چوک گوجرانوالہ شہر کا انتہائی مصروف ترین تجارتی مرکز اور ٹریفک پوائنٹ ہے جہاں دن رات گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کا رش رہتا ہے ایسے میں سڑک کے درمیان اور اطراف میں لگے ہورڈنگ بورڈز نہ صرف تجاوزات کے زمرے میں آتے ہیں بلکہ ڈرائیوروں کی نظر بھی متاثر کرتے ہیں جس کے باعث اچانک بریک لگنے اور گاڑیوں کے بے قابو ہو کر ان بورڈ سے ٹکرانے اور مسافروں کے زخمی ہونے کے واقعات معمول بن چکے ہیں تاجروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تشہیری بورڈز سے ضلعی انتظامیہ کو ریونیو حاصل ہوتا ہے اس لئے واضح تجاوزات اور انسانی جانوں کو لاحق خطرات کے باوجود ان بورڈز مالکان کیخلاف کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ریونیو انسانی جانوں سے بڑھ کر نہیں اور انتظامیہ کی او لین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں