2025 اختتام کے قریب ، منظور منصوبوں پر کام شروع نہ ہوسکا
ارکان اسمبلی کی اس معاملے پر خاموشی سے عوام میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )سال 2025ختم ہونے کے قریب ہے لیکن گوجرانوالہ کیلئے منظور منصوبے شروع ہی نہ ہوسکے ، ارکان اسمبلی کی اس معاملے پر خاموشی سے عوام میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔کنگنی والا پل کی ازسر نو تعمیر ،عالم چوک کے قریب فلائی اوور ،ایک ہزار بیڈ پر مشتمل چلڈرن ہسپتال ،لیور کلینک سمیت متعدد منصوبوں پر کام شروع نہ ہونا منتخب ارکان پارلیمنٹ کی نا اہلی کا ثبوت ہے ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سٹی سیکرٹری اطلاعات صغیر بٹ ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈویژن رانا حنیف ، ملک بھٹو ، مرزا سعید بیگ ، راشد علی مہر ، چاند گجر ودیگر نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی عوام کی بدقسمتی ہے کہ کوئی بھی منصوبہ 2025میں مکمل نہ ہوسکا، چن داقلعہ سے عزیز کراس چوک تک سگنل فری روڈ بننا تھا لیکن وہ منصوبہ ادھورا چھوڑ دیا گیا۔اسی طرح میڈیکل کالج میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل چلڈرن ہسپتال بننا تھا وہ بھی 100 بیڈ کا ہسپتال چائلڈ پروٹیکشن کی عمارت میں بنادیا ،یونیورسٹی آف گوجرانوالہ منصوبہ بھی بجٹ کی کمی کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا۔اسی طرح کنگنی والا پل جو بہت پرانا ہے اس کی ارسرنو تعمیر کی بجٹ میں منظوری دی گئی5ارب کی لاگت سے نیا پل بننا تھا لیکن اس پر کام شروع نہیں ہو سکا،اسی طرح عالم چوک کے قریب فلائی اوور بننا تھا وہ منصوبہ بھی شروع نہیں کیا جاسکا جبکہ سول ہسپتال میں لیور کلینک بننا تھا وہ بھی شروع نہ ہوسکا۔