عدالتی مفرور وں کی تعداد 5016 ،اشتہاری 12 ہزار سے زائد

عدالتی مفرور وں کی تعداد 5016 ،اشتہاری 12 ہزار سے زائد

2025 میں پو لیس تمام وسائل کے باوجود 672 عدالتی مفرور ، 721 اشتہاری پکڑ سکی

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ضلع بھر میں عدالتی مفرور وں کی تعداد 5016 اشتہاریوں کی تعداد 12072 تک جا پہنچی ،2025 میں پو لیس تمام وسائل استعمال کرنے کے باوجود 672 عدالتی مفرور جبکہ 721 اشتہاری گرفتار کر سکی ۔ اے کیٹیگری کے اشتہاریوں میں قتل کے جرم کے 436 اشتہاری آزاد گھوم رہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ایند سیشن جج کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فاضل جج کو آگاہ کیا گیا کہ ضلع میں عدالتی مفرور ملزموں کی تعداد 5 ہزار 16 ہے اس سال 672 عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے ۔ پولیس حکام نے سیشن جج کو آگاہ کیا کہ قتل سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے اشتہارہوں کی تعداد 12 ہزار 72 ہو چکی ہے ۔ فاضل جج کے استفسار پر پولیس حکام نے یقین دہانی کر ائی کہ مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ پولیس اور عدالتی ذرائع کے مطابق اشتہاریوں کو اے اور بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ضلع میں اشتہاریوں کی اے کیٹیگری کے 805 ملزم ہیں جن میں قتل کے 436 ، اغوا برائے تاوان کے 14 ، دوران ڈکیتی قتل کے 10 ،ڈکیتی کے 71 ،راہزنی کے 274 ملزم شامل ہیں جبکہ بی کیٹیگری کے 11407 ملزم ہیں ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال رواں کریمینل جسٹس کو آر ڈی نیشن کمیٹی کے ہر اجلاس میں سیشن جج نے سی پی او سمیت دیگر پولیس حکام کو عدالتی مفروروں اور اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں