حافظ آباد :ستھرا پنجاب پروگرام ،گھوسٹ ملازمین کا انکشاف

حافظ آباد :ستھرا پنجاب پروگرام ،گھوسٹ ملازمین کا انکشاف

نجی کمپنی کے افسر وں اوربااثر شخصیات کی ملی بھگت سے گھر بیٹھ کرتنخواہ لینے لگے

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے کثیر تعداد میں گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے ،ملازمین نجی کمپنی کے افسر وں اوربااثر سیاسی شخصیات کی ملی بھگت سے گھروں میں بیٹھ کرتنخواہیں لینے لگے ،شہر کے اکثر علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ابتر حالات،گلی،محلوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر علاقہ مکنیوں کے لیے وبال جان بن گئے ۔حافظ آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام جی ڈبلیو ایم سی افسر وں کی ملی بھگت سے فائلوں تک محدود ہو گیا جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہریوں نے صفائی ستھرائی کیلئے قائم کردہ کمپنی کی کرپشن پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ضلع حافظ آباد میں جی ڈبلیو ایم سی کے افسر کے مطابق 1400سے زائد سینٹری ورکرزاورملازمین بھرتی کررکھے ہیں لیکن عملاً فیلڈ میں ایک ہزار ملازمین بھی نظر نہیں آتے ۔ شہر کے متعدد علاقے بجلی محلہ ، رحمت آباد،حسن ٹاؤن،شیر پورہ،ساگر روڑ،مانگٹ روڈ،کشمیر نگر،رشید پورہ،قذافی پورہ و دیگر علاقوں کی گلی،محلوں میں کئی کئی روز سینٹری ورکر صفائی کے لیے نہیں آتے جہاں کوڑ کرکٹ کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔ صفائی کمپنی کے ذمہ دار افسر نے رابطہ پر بتایا کہ صوبے میں ن لیگ کی حکومت ہے ،اس لئے وہ بعض لیگی رہنماؤں کی بات ماننے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں