تمام پارکوں میں فوارے 2 دن میں فعال کرنے کا حکم
عائشہ بی بی پارک کی ٹربائن فوری چالو کرنے کی ہدایت ،ایم ڈی پی ایچ اے کا دورہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر پارکس ہارٹیکلچر ایجنسی گوجرانوالہ شاہد عباس جوتہ نے شہر کے مختلف پارکوں اور گرین بیلٹس کا دورہ کیا اور پارکس میں سہولیات کی موجودہ صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام پارکوں میں نصب فوارے 2دن کے اندر مکمل طور پر فعال کئے جائیں، بصورت دیگر متعلقہ افسروں کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پارکس میں موجود ٹوٹے بینچز اور جھولوں کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ ایم ڈی نے عائشہ بی بی پارک میں فوری طور پر لینڈ سکیپنگ کے کام مکمل کرنے ، پارک کی خطرناک اور بوسیدہ دیوار کو منہدم کر کے ازسرِنو تعمیر شروع کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ موجودہ دیوار کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتی ہے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عائشہ بی بی پارک میں نصب ٹربائن گزشتہ سال سے غیر فعال ہے جس کے باعث پارک کے تمام واٹر چینلز بند ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح حکم دیا کہ ٹربائن کو 2 دن کے اندر فعال کیا جائے بصورت دیگر ذمہ دار وں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔