گیپکو کی نجکاری کا عمل تیز، ملازمین اور املاک کا ڈیٹا طلب

گیپکو کی نجکاری کا عمل تیز، ملازمین اور املاک کا ڈیٹا طلب

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)بجلی کی تقسیم کار کمپنی گیپکو کی نجکاری کا عمل تیز،وفاقی حکومت اور نجکاری بورڈ نے گیپکو کے تمام اثاثوں ،افسر وں وملازمین اور املاک کا ڈیٹا طلب کرلیا اور مارکیٹ ویلیو رپورٹ بھی مرتب کرلی،

آئندہ چند ہفتوں میں پرائیویٹائزیشن کا عمل آگے بڑھائے جانے کا امکان تاہم گیپکو کی مزدور تنظیمیں سوشل میڈیا پر احتجاج کرنے لگیں، گیپکو ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ گیپکو کا نیٹ ورک 7 اضلاع گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،وزیر آباد ،گجرات،منڈی بہائوالدین ،نارووال اور حافظ آباد تک پھیلا ہوا ہے ،گیپکو صارفین کی تعداد 48 لاکھ کے قریب ہے جس کے اثاثہ جات اربوں روپے کے ہیں اور قیمتی پراپرٹی الگ ہے ، نجکاری کا عمل تیز ہونے سے جہاں ملازمین میں تشویش پائی جارہی ہے وہاں عوامی حلقوں میں بھی بے چینی بڑھ چکی ہے ۔ گیپکو نے نجکاری سے قبل ہی بجلی کے سنگل اور تھری فیز میٹر وں کی قیمت میں تین گنا اضافہ کردیا ہے جبکہ دیگر میٹریل کے ریٹ بھی بڑھاد ئیے گئے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گیپکو پرائیویٹائز ہو گئی تو سارا بوجھ عوام پر ڈالا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے مرحلہ میں ملک کی جن 3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کیا ہے ان میں گیپکو سرفہرست ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں