ایمن آباد تا گکھڑ میٹرو بس ماس ٹرانزٹ سسٹم 3 شفٹوں میں تعمیراتی کام کا فیصلہ

ایمن آباد تا گکھڑ میٹرو بس ماس ٹرانزٹ سسٹم 3 شفٹوں میں تعمیراتی کام کا فیصلہ

منصوبے پر جلد کام شروع کرنے ، پرا جیکٹ سائٹ میں آنے والے درختوں ، محکموں کی سروسز کی منتقلی اور دیگر ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال ،ٹریفک بہائوکیلئے اقدامات کئے جا ئینگے

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ایمن آباد تا گکھڑ میٹرو بس ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید اورڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)طیب حیات، اسسٹنٹ کمشنر(صدر) فیصل مجید ،نیسپاک، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسر وں نے شرکت کی، منصوبے کے تکنیکی، انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔شرکا کو بتایا گیا کہ میٹرو بس منصوبہ شہریوں کیلئے تیز رفتار، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں منصوبے پر جلد تعمیراتی کام شروع کرنے ، پرا جیکٹ سائٹ میں آنے والے درختوں کی محفوظ منتقلی، مختلف محکموں کی سروسز کی منتقلی اور دیگر ممکنہ رکاوٹوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ تعمیراتی کام 3 شفٹوں میں کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے ۔ خاص طور پر اندرونِ شہر اور سٹی فلائی اوور سے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں