سی پی او کی کامونکے میں کھلی کچہریاں ، شکایات کے انبار
مقدمات کے اندراج میں تاخیر ، عدم پیشرفت ، ملازمین کے رویے کی شکایات
کامونکے (تحصیل رپورٹر )سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی کامونکے میں کھلی کچہریاں، سائلین کی جانب سے شکایات کے انبار، فوری اور میرٹ پر انصاف کی یقین دہانی،کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں نے مقدمات کے اندراج میں تاخیر، درج شدہ مقدمات میں عدم پیش رفت، بااثر ملزموں کے خلاف کارروائی نہ ہونے اور پولیس کے بعض افسر وں و اہلکاروں کے رویے سے متعلق شکایات کے انبار لگا د ئیے ۔ سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تھانہ صدر، تھانہ ایمن آباد، تھانہ سٹی اور سرکل آفس میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ایس پی،ایس ڈی پی او کامونکے ، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسر بھی موجود تھے ۔ سائلین نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور انصاف کے حصول میں درپیش مشکلات سے سی پی او کو آگاہ کیا۔ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی متعدد درخواستوں پر متعلقہ افسر وں کو شفاف انکوائری، فوری کارروائی اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مظلوم شہری کو انصاف کی فراہمی پولیس کی ذمہ داری ہے ،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔