بھمبر روڈپر ٹریفک مسائل کا حل ، عارضی پارکنگ بنانے کا فیصلہ
4 روز میں فعال کیا جائے ، ہسپتالوں میں آ نیوالے مریضوں کو آ سانی ہو گی:ڈپٹی کمشنر
گجرات (سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت بھمبر روڈ پر ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ٹریفک ظہیر جنجوعہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات ظفر عباس، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راحیل باجوہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز اور متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔اجلاس میں بھمبر روڈ پر ٹریفک جام کے دیرینہ مسائل پر غور کیا گیا۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کی اراضی پر عارضی پارکنگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ٹریفک جام کی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بھمبر روڈ پر قائم عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین اور ایمبولینسز کی سہولت کیلئے مخصوص پارکنگ ایریا تیار کیا جا رہا ہے جس سے سڑک پر غیر ضروری رش میں کمی آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر عباس کو ہدایت کی کہ نئی عارضی پارکنگ کو4روز کے اندر فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔