واسا نادہندہ 15 صنعتی یونٹس سیل‘ متعدد واٹر کنکشن منقطع
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایات پر واسا گوجرانوالہ نے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر/منیجنگ ڈائریکٹر واسا گوجرانوالہ شبیر حسین بٹ کی سربراہی میں خورشید عالم اسٹیٹ میں خصوصی کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر 15 صنعتی یونٹس/فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد نادہندگان کے واٹر کنکشنز بھی منقطع کر دیے گئے ۔ انفورسمنٹ ونگ نے کارروائی کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کیے اور نادہندگان کو فوری طور پر واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا گوجرانوالہ شبیر حسین بٹ نے کہا کہ نادہندگان کی وجہ سے ادارے کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے جس سے شہریوں کو پانی اور سیوریج کی فراہمی متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور واجبات کی عدم ادائیگی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ واسا گوجرانوالہ شہریوں کو پانی کی منصفانہ اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے ، نادہندگان فوری طور پر اپنے ذمہ واجب الادا بلز ادا کریں تاکہ کسی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔