حق خودارادیت دینا ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ،جاوید قصوری
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے کہا کہ۔۔۔
پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہر پاکستانی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا فوری بند کرائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام اظہاریکجہتی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے کیا۔ ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا ،ضلعی جنرل سیکرٹری علی رضا حسنی،ڈاکٹر شریف،حافظ نعیم فہیم،حافظ حمید الدین عوان ،فرقان عزیز بٹ نے بھی خطاب کیا۔ جاوید قصوری نے کہا 5اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات بھی حق خود ارادیت سلب کرنے کی طرح اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، قاضی حسین احمد نے 1989میں کشمیری عوام کیساتھ یوم یکجہتی کیلئے 5فروری کو قومی و بین الاقوامی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا،یہ تاریخ یوم ِیکجہتی کشمیر کی علامت بن گئی ہے ،جماعت اسلامی نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ملک میں حقیقی تبدیلی لائے گی ۔مظہر اقبال رندھاوا نے کہا حکمران 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو رسمی طور پر نہ منائیں، مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط کیخلاف واضح موقف اپنایا جائے ۔