ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ سو فیصد ادویات فراہمی کا حکم

ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ سو فیصد ادویات فراہمی کا حکم

مریض لاہور میں ریفرکرنے کی شکایات پرخفیہ ٹیمیں ہسپتالوں کادورہ کرکے رپورٹ بھجوائینگی، غفلت پر ڈاکٹرزکو تنخواہوں سے کٹوتی،ترقیاں روکنے کی سزاملے گی

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ کے تمام شہری و دیہاتوں کے مکینوں کو طبی سہولیات فراہم کرنیوالے ڈی ایچ کیو،ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور مراکز صحت کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ ، ادویات کی سوفیصد فراہمی کا حکم بھی دیدیا گیا۔ ہسپتالوں میں مریضوں کوطبی سہولیات فراہمی کی جانچ پڑتال ،ڈاکٹرز حاضری اور آلات موجودگی کی خفیہ رپورٹ تیار کی جائیگی جس کیلئے خفیہ ٹیمیں ہسپتالوں کا اچانک دورہ کرکے جائزہ رپورٹ حکومت کو ارسال کریں گی۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامی افسروں کو روزانہ بنیادوں پر وزٹ کرکے انتظامات کا جاِئزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ غفلت کے مرتکب افسروں اور ملازمین کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ غیر حاضری اور ناقص کارکردگی پر ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے کٹوتی اورترقیاں روکنے کی سزائیں دی جائینگی جس پر ملازمین میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔

ضلع گوجرانوالہ میں 2ڈی ایچ کیو ، 3 ٹی ایچ کیو ہسپتال‘94بنیادی مراکز صحت اور12 رورل ہیلتھ سنٹر قائم ہیں جہاں 60لاکھ سے زائد شہری و دیہاتی مرد وخواتین اوربچوں کو طبی سہولیات فراہمی جاری ہے جس کیلئے سالانہ کروڑوں کی ادویات خریدی گئیں ، کروڑوں روپے تنخواہوں ، سہولیات فراہمی پر خرچ کئے گئے مگردیہی ہسپتالوں سے مریضوں کو دیگر اضلاع اورڈی ایچ کیو ہسپتالوں سے لاہور ریفر کرنے کی شکایات سامنے آئیں جسکی جانچ پڑتال کیلئے پنجاب حکومت نے خفیہ مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا،سپیشل ٹیم اچانک گوجرانوالہ کے ہسپتالوں اور مراکز صحت کا دورہ کرکے کارکردگی چیک کریگی ۔مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات بار ے رپورٹ لیکر اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں