ڈسکہ سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث پانی گلیوں میں جمع انتظامیہ تماشائی
منتخب نمائندے نواحی گاؤں پنجگرائیں گھمناں، بوگرے میں بنیادی مسائل حل کرانے میں ناکام ، شہریوں کو آ مد رفت میں مشکلات ، ستھرا پنجاب پروگرام نعر وں ، سیاست کی نذر ہوچکا :شہری
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں میں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا، متعدد بار شکایات کے باوجود ایم این اے ،ایم پی اے اور ضلعی وتحصیل انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کے نواحی گاؤں پنجگرائیں گھمناں، بوگرے میں سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث سیوریج کا گندا پانی گلیوں کھڑا رہنے لگا، گندا پانی سے اٹھنے والی بدبو نے علاقہ مکینوں کا جینا محال کررکھا ہے جبکہ گاؤں کے منتخب نمائندے ، ضلعی و تحصیل انتظامیہ گاؤں کے اس اہم مسئلہ کو حل کر انے سے قاصر ہیں،گلیوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ بچوں، بڑوں ،خواتین اور بزرگوں کو آنے اور جانے میں اس گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام نعر وں ، سیاست کی نذر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حید ر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔