گوجرانوالہ اورحافظ آباد میں مبینہ مقابلے ، 5 ملزم گرفتار
بلال بشیر ،وقاص ، اکرم مسیح، عبداﷲ اور متین پکڑے گئے ،منشیات ،سامان برآمد واہنڈو پولیس نے منشیات کاملزم بلال بنسی تعاقب کے بعد زخمی حالت میں قابوکرلیا
گوجرانوالہ، کامونکے ،حافظ آباد(کرائم رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ دنیا)گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ میں ملزم بلال بشیر جو 11 سالہ بچے سے زیادتی کے مقدمہ میں ریمانڈ پر تھا، پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہو گیا۔ اس دوران ملزم کے دو نامعلوم ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ تھانہ دھلے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا جو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ملزم سے پسٹل اور ٹمپرڈ شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے منشیات فروش اکرم مسیح کو گرفتار کرلیا جو پولیس سے بچنے کی کوشش میں بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ ملزم سے 2240 گرام چرس برآمد ہوئی ۔حافظ آبادپولیس نے شہید چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوملزموں عبداﷲ اور متین کو گرفتارکرلیا۔ملزموں کا ایک ساتھی پہلے ہی زخمی حالت میں گرفتارکیا جاچکاہے ۔
ملزموں نے چند یوم قبل تھانہ ونیکی تارڑ کی حدود رامکے چٹھہ اور بہک احمد یار کے قریب ڈکیتی کی وارداتیں کی تھیں ۔ ملزموں نے دورانِ تفتیش دونوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا۔ ملزموں سے چھینے گئے موبائل فونز ، نقدی ،موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔کامونکے کے علاقے میں پولیس کو دیکھ کر بھاگنے والا منشیات فروش موٹر سائیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگیا۔ واہنڈو پولیس نے راجباہ پُل چنڈالہ کے قریب ناکہ لگاکر موٹر سائیکل سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی جنہوں نے موٹر سائیکل بھگادی۔ پولیس کے تعاقب پر ملزم تیز رفتاری کے باعث راجباہ کے پُل سے ٹکرا جانے سے گر گئے جس سے ایک کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بدنام زمانہ منشیات فروش بلال عرف بنسی کے نام سے ہوئی جس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔