حکمران طبقہ خزانے کا بے دریغ استعمال کر رہا:فرقان بٹ

حکمران طبقہ خزانے کا بے دریغ استعمال کر رہا:فرقان بٹ

وزرا اور بیوروکریٹس کیلئے نئی گاڑیاں عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پی پی 64 گوجرانولہ فرقان عزیزبٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وزرا اور بیوروکریٹس کیلئے کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، اس سے قبل بھی اربوں روپے مالیت کے جہاز خرید کر حکمرانوں نے اپنی ترجیحات واضح کر دی تھیں کہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ اپنی آسائشوں میں مصروف ہیں۔ان خطاب کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 64 کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امرا ظفر اقبال بٹ،احمد سہیل، امجد مغل، اجمل خطیب انصاری، میاں عباس رحمانی ، حسن جاوید ڈار، جنرل سیکرٹری میاں نذیر احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹریزخالد محمود چغتائی، عاطف مغل، انفارمیشن سیکرٹری حنظلہ بٹ ودیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی کے ستائے عوام کو کفایت شعاری کے لیکچر د ئیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران طبقہ قومی خزانے کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے ۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ۔ فرقان عزیزبٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے ، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور اشرافیہ کے غیر ضروری اخراجات روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں