پو لیس کیسا تھ مقابلوں میں 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار
اکرام شاہ پو لیس حراست سے فرار کی کو شش میں ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں پولیس کے دو مبینہ مقابلوں کے دوران دو ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم اکرام شاہ جو تھانہ فیروزوالہ میں راہزنی کے مقدمہ میں ریمانڈ پر تھا، پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا اور بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے تین نامعلوم ساتھی اسے چھڑ انے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔ ملزم اکرام شاہ 20 سے زائد راہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے جبکہ اس کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا ہے ۔دوسری جانب تھانہ اروپ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم محمد احسان کو گرفتار کر لیا، جو فرار ہونے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہو گیا۔ ملزم کے قبضے سے بھی 30 بور پسٹل برآمد کر لیا گیا ۔