فیکٹریوں ، ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں قوانین کی خلاف ورزیاں ، مزدور عدم تحفظ کا شکار
محکموں میں رجسٹریشن نہ ہونے سے مزدور طبقہ پنشن، میراج گرانٹ ،سوشل سکیورٹی کارڈ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ،تنخواہیں کم اور وقت پر نہ ملنے سے فاقہ کشی ،حکام سے نو ٹس لینے کا مطالبہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ ڈویژن میں کارخانوں ،فیکٹریوں، ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں محکمہ لیبر اور محکمہ سوشل سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی جاری ،کام کرنے والے لاکھوں مزدوروں کی رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث مزدور عدم تحفظ کا شکار ہیں ،محکموں میں رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے مزدور طبقہ پنشن، میراج گرانٹ ،سوشل سکیورٹی کارڈ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہے ،محکمہ لیبر کا عملہ کارخانوں فیکٹریوں ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں وزٹ کرتا ہی نہیں اگر وزٹ کرتا ہے تو کاغذی کارروائی کرکے واپس لوٹ جاتے اور انہیں مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں،محکمہ لیبر کی عدم دلچسپی سے کارخانوں فیکٹریوں ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں کام کرنے والے لاکھوں مزدروں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے مزدور مہنگائی کے دور میں 20000 سے 25000 ہزار روپے کم تنخواہ میں ملازمت کرنے پر مجبور ہیں ، تنخواہیں کم اور وقت پر نہ ملنے سے مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں ۔ مزدوروں نے اعلیٰ حکام سے حقوق دلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔