کمشنر اور آر پی او کا دورہ کرتار پور ، سکیو رٹی انتظامات کا جائزہ
بیساکھی میلہ کے موقع پر ملکی و غیر ملکی ہزاروں سکھ یاتری گورودوارہ کرتارپور پہنچیں گے
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ اورکمشنر گوجرانوالہ نوید حید ر شیرازی نے سکیورٹی انتظامات کو چیک کرنے کے حوالے سے گوردوارہ کرتارپور کا دورہ کیا ،ڈی پی او نارووال نے آر پی او اور کمشنرگوجرانوالہ کو جامع سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔دورہ بیساکھی میلہ کے موقع پر ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں کی متوقع بڑی تعداد کے پیش نظر کیا گیا۔ ہزاروں سکھ یاتری گورودوارہ کرتارپور پہنچیں گے جس کے باعث سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایا گیا ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یاتریوں کی آمد و رفت کیلئے خصوصی روٹس مقرر کئے گئے ہیں، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا نظام نافذ کیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ مزید برآں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے ذریعے سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے مختلف سکیورٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور وہاں تعینات پولیس افسر وں و جوانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ آر پی او نے واضح کیا کہ بیساکھی میلہ کے موقع پر سکیورٹی کے کسی بھی پہلو پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ حکمت عملی کے تحت یاتریوں کو بہترین سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔